مقدمہ درج 143

سندھ ہاوس پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست پر پولیس کو دوبارہ نوٹس

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد کی عدالت نے سندھ ہاوس پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست پر پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد فرخ فرید بلوچ نے سندھ ہاوس حملہ کیس میں مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست پر پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کر لیا۔پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر خان مندوخیل نے مقدمہ اندراج کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

درخواست گزار رکن قومی اسمبلی کی جانب سے راجہ نذیر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔راجہ نذیر ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود پولیس کی جانب سے رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔عدالتی نوٹس کے باوجود سندھ ہاوس پر حملے کی پورٹ جمع نہ کرانے پر عدالت نے اظہارِ برہمی کیا۔درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان کی نشاندہی کر کے مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی۔

ملزمان نے سندھ ہاوس پر حملے کا سنگین جرم کیا، قانون ہاتھ میں لیا اور ارکانِ اسمبلی کو ہراساں کیا۔درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ ہاوس میں موجود ارکان اسمبلی اور ان کے اہل خانہ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔ پولیس نےاپنی ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ وزیروں اور ایڈوائزرز کے دباو میں آ کر مجرموں کو چھوڑ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں