کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی ایئرپورٹ سے لاپتا شخص کی بازیابی کے لیے پولیس کو گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست آئینی بینچ کو بھیج دی ۔
سندھ ہائیکورٹ میں کراچی ایئرپورٹ سے لاپتا شخص کی بازیابی کی درخواست کی سناعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کاشف علی 27 مارچ کو بیرون ملک سفر کیلیے اپنی اہلیہ کے ہمراہ جناح ٹرمینل پہنچا تھا۔ قانون نافذ کرنے والوں نے کاشف علی اور اہلیہ کو جہاز سے آف لوڈ کیا۔ کاشف کی اہلیہ کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔
کاشف کی بازیابی کے لئے متعدد خطوط لکھے ہیں۔ لیکن کاشف کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ایئر پورٹ پولیس کاشف کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج نہیں کررہی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مسنگ پرسن کیس سننے کے اختیارات آئینی بینچ کے پاس ہیں۔ یہ کیس آئینی بینچ کو ارسال کر رہے ہیں۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ایئر پورٹ کو گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست آئینی بینچ کو بھیج دی۔