کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے پولیس اہلکارکوقتل اوربکتر بند گاڑی کو تباہ کرنے سمیت 6 مقدمات میں گینگ وار کے عزیر سربازی کی درخواست ضمانت مستردکردی ہے۔
پیرکو سندھ ہائیکورٹ میں پولیس اہلکار کا قتل بکتر بند گاڑی کو تباہ کرنے سمیت 6 مقدمات میں گینگ وار کے عزیر سربازی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر رینجرز رانا خالد ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملزم 13 سال تک مفرور رہا۔اگر ملزم کی ضمانت ہوئی تو ملزم فرار ہو جائے گا۔ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ پولیس کی بکتر بند گاڑی پرحملہ کیا۔ بکتر بند گاڑی تباہ ہوگئی ایک پولیس اہلکارشہید ہوگیا۔
ملزم کو 2023 میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ملزم سے ملنے والااسلحہ 5 مقدمات میں میچ ہوا ہے۔ مقدمات میں ملوث عزیر بلوچ جیل میں قید ہے۔ عدالت نے گینگ وار کے عزیر سربازی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ ملزمان کیخلاف 2012 میں 6 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ملزم کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی نے بھی ضمانت مسترد کردی تھی۔









