کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور ڈکیتی کے مقدمے میں ملزم کا سی آر اواور مدعی مقدمہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔
جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور ڈکیتی کے مقدمے میں ملزم شاہد کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔کیس کاتفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کو مدعی مقدمہ نے شناخت کیا؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ مدعی مقدمہ نے ملزم کی شناخت نہیں کی۔
ملزم نے دوران واردات ماسک پہنا ہوا تھا۔ جسٹس محمود اے خان نے استفسار کیا کہ ملزم کیخلاف کے کیا شواہد ہیں جن کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کیا گیا؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ جس بائیک پر واردات کی گئی وہ ملزم کی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم سے کسی چیز کی برآمدگی ہوئی ہے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم سے موبائل فون برآمد کیا گیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ملزم کا سی آر او چیک کیا گیا؟
تفتیشی افسر نے کہا کہ سی آر او کے مطابق ملزم کیخلاف 5 مقدمات درج ہیں۔ جسٹس محمود اے خان نے ریمارکس دیئے کہ گرفتاری کے بعد ملزم کیخلاف تمام مقدمات درج کردیئے ہوں گے۔ درخواستگزار کے وکیل لیاقت علی خان گبول نے موقف دیا کہ ملزم 4 مقدمات میں ضمانت حاصل کر چکا ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم کا سی آر او اور مدعی مقدمہ کو بھی طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔