کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کراچی کے تمام اضلاع میں معذور کوٹہ پر بھرتی نہ کرنے کیخلاف درخواستوں پرکراچی کے ڈپٹی کمشنرز کو تمام آسامیوں پر دو ماہ میں بھرتیاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواستیں نمٹادی ہیں۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں کراچی کے تمام اضلاع میں معذور کوٹہ پر بھرتی نہ کرنے کیخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار وکیل نے موقف دیا کہ کراچی میں سرکاری محکموں میں تین ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔
پڑھے لکھے معذور افراد کو سرکاری ملازمتیں نہیں دی جا رہیں۔ قانون کے مطابق سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد معذور کوٹہ مختص ہے۔ عدالت معذور کوٹہ پر عملدرآمد کرائے۔ عدالت نے کراچی کے ڈپٹی کمشنرز کو تمام آسامیوں پر دو ماہ میں بھرتیاں کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ہدایت کی معذور کوٹہ پر جتنی آسامیاں خالی ہیں پر کی جائیں۔ آئینی بینچ نے درخواستیں نمٹادی۔








