سندھ ہائیکورٹ 10

سندھ ہائیکورٹ کاکے ڈی اے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی عدم ادائیگی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پرکے ڈی اے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کے ڈی اے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی عدم ادائیگی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پرکے ڈی اے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو ڈی جی کے ڈی اے و دیگر کیخلاف انضباطی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیدیا۔

جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں کے ڈی اے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی عدم ادائیگی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ کے ڈی اے کی جانب سے عبوری عملدرآمد رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے ڈی اے کو مالی بحران کا سامنا ہے۔ عدالتی احکامات پر کے ڈی اے ایک ہزار400 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کرچکا ہے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 13 جنوری کو ایک لیٹر موصول ہوا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے بجٹ میں اضافے کے لیئے اقدامات کیئے جارہے ہیں۔

کے ڈی اے کی جائیدادوں کی فروخت سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا ہوں۔ لہذا ان حالات میں عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کے ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ ان حالات میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔ درخواست گزار کو ہفتہ وار 10 فیصد واجبات ادا کرسکتے ہیں۔

عدالت نے کے ڈی اے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کو ڈی جی کے ڈی اے و دیگر کیخلاف انضباطی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ہدایت کی عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں فریقین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ عدالت نے توہین عدالت کے مرتکب افسران کو طلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں