کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لیموں گوٹھ نالے کے متاثرین کو متبادل فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پرچیف سیکریٹری سے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں لیموں گوٹھ نالے کے متاثرین کو متبادل فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نبی لغاری ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سپریم کورٹ نے گجر نالے، اورنگی ٹان اور محمود آباد نالوں کے متاثرین کو متبادل فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان نالوں کے متاثرین کو متبادل زمین اور تعمیرات کے اخراجات بھی ادا کئے جا رہے ہیں۔
حاجی لیموں گوٹھ گلشنِ اقبال نالے کے متاثرین کو یہ سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔ اگست 2025 کو بھی چیف سیکریٹری سندھ کو متاثرین کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات سے آگاہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ چیف سیکریٹری کی جانب سے تاحال رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔









