سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ نے اغوا برائے تاوان کے الزام میں سزائے موت کیخلاف اپیلوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے اغوا برائے تاوان کے الزام میں سزائے موت کیخلاف اپیلوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے ملزمان محبوب اختر اور عباس بنگش کی سزا کیخلاف اپیلیں منظور کرلیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو سنائی گئی پھانسی کی سزا کالعدم قرار دی جاتی ہے۔ ملزمان کسی اور مقدمے میں ملوث نہیں تو رہا کردیا جائے۔ گواہوں کی عدم موجودگی کے سبب استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی۔

صرف اللہ تعالی اور مجرم جانتے ہیں کہ قتل کس نے کیا۔ مجرم اللہ پاک کے انصاف سے بچ نہیں پائیں گے۔ استغاثہ اس معاملے میں اصل حقائق تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ استغاثہ کی ناکامی کی وجہ سے ملزمان کو شک کا فائدہ دیا جاتا ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 2020 میں گلشن حدید کے علاقے سے عزیز اختر کو اغوا کیا۔ ملزمان نے خاتون کو اغوا کرکے رقم طلب کی اور بعد میں قتل کردیا۔

وکیل صفائی محمد فاروق نے موقف دیا تھا کہ اپیل کنندگان نے کبھی تاوان طلب نہیں کیا، فریقین میں 5 لاکھ روپے کے لین دین کا تنازعہ تھا۔ پولیس نے کئی دن تشدد کرکے اقبالی بیان لیا۔ ملزمان کیخلاف اغوا اور قتل کی کوئی براہ راست شہادت نہیں۔