سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ ، آئینی بینچ نے دھابیجی میں پبلک پارک پر کمرشل دکانیں بنانے کیخلاف درخواست واپس لینے پر نمٹا دی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچ نے دھابیجی میں پبلک پارک پر کمرشل دکانیں بنانے کیخلاف درخواستگزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔

منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں دھابیجی میں پبلک پارک پر کمرشل دکانیں بنانے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ پبلک پارک پر 16 کمرشل دکانیں بنائیں گئیں۔ 2022 میں بھی دکانیں بنا رہے تھے لیکن حکام نے روک دیا تھا۔ اب دوبارہ قبضہ مافیا دکانیں بنا رہی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے عدالت آنے سے پہلے متعلقہ حکام کو درخواست دی ہے؟ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہم نے ڈپٹی کمشنر سمیت سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو بھی لکھا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ایس بی سی اے کو درخواست دی تھی؟

عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ پہلے آپ ایس بی سی اے سمیت متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ عدالت نے درخواستگزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔