کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کے سینئر اکائونٹس افسر الطاف شیخ کے تبادلے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کے سینئر اکائونٹس افسر الطاف شیخ کے تبادلے سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات، چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالتی حکم کے باوجود میرے موکل کو جوائننگ سے روکا جارہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم موجود ہے، تو کون جوائننگ سے روک رہا ہے؟
وکیل نے موقف دیا کہ چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ لالہ رحیم درخواست گزار کو عہدہ سنبھالنے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ چیئرمین ٹی ایم سی کی جانب سے کہا گیا کہ ریٹائرمنٹ تک جوائننگ نہیں کرنے دینگے۔ ٹی ایم ٹی ایم سی کے وکیل نے موقف دیا موقف دیا کہ درخواستگزار کو کسی نے جوائننگ سے نہیں روکا۔ درخواستگزار خود سے دفتر نہیں آرہے، اس کے باوجود تنخواہ جاری کردی ہے۔
عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ توہین عدالت کے ملزمان کہاں ہیں؟ عدالت میں کیوں موجود نہیں ہیں؟ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالت نے توہین عدالت کے ملزمان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔ عدالت نے درخواست گزار کو 6 اکتوبر تک جوائننگ دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔