سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ ،آئی جی جیل خانہ جات کی تعیناتی کیخلاف درخواست قابل سماعت قرار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی جیل خانہ جات کی تعیناتی کیخلاف درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ سندھ، آئی جی جیل خانہ جات و دیگر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیاہے۔

جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں آئی جی جیل خانہ جات کی تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ بیرسٹر حیدر وحید نے موقف دیا کہ آئی جی جیل کی تعیناتی صوبائی سلیکشن بورڈ کی منظوری سے نہیں ہوئی۔ جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی جیل کی تعیناتی سے آپ کا کیا تعلق ہے۔ بیرسٹر حیدر وحید نے موقف دیا کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے بطور شہری اس سے تعلق ہے۔ بیرسٹر حیدر وحید نے درخواست قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل دیئے۔

عدالت نے بیرسٹر حیدر وحید کے دلائل کے بعد درخواست کو قابل سماعت قرار دیدیا۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ سندھ، آئی جی جیل خانہ جات و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ مقامی شہری اعجاز علی نے آئی جی جیل خانہ جات کی تعیناتی کوچیلنج کیا ہے۔