سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ، ایکسیلیٹر حادثے کے نتیجے میں بچے کی معذوری کے مقدمے سے مال انتظامیہ کا نام خارج کرنے کی درخواست پرفریقین سے جواب طلب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے کلفٹن کے نجی مال میں ایکسیلیٹر حادثے کے نتیجے میں بچے کی معذوری کے مقدمے سے نجی مال مالک اور انتظامیہ کا نام خارج کرنے کیخلاف مدعی مقدمہ کی درخواست پر فریقین سے 13 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں کلفٹن کے نجی مال میں ایکسیلیٹر حادثے کے نتیجے میں بچے کی معذوری کے مقدمے سے نجی مال مالک اور انتظامیہ کا نام خارج کرنے کیخلاف مدعی مقدمہ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ اپریل 2022 میں کلفٹن کے نجی مال میں ایکسیلیٹر حادثے میں پانچ سالہ بچہ امان زخمی ہوا تھا۔ مال انتظامیہ کی غفلت اور فوری طبی امداد کی عدم فراہمی سے درخواست گزار کا بیٹا معذور ہوا۔ پولیس نے چالان میں عدم شواہد کی بنیاد پر مالک اور انتظامیہ کو مقدمے سے خارج کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے مدعی مقدمہ کو سنے بغیر پولیس چالان کے منظوری دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کا اقدام شفاف ٹرائل کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کا چالان منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ تمام ملزمان کو ٹرائل کا سامنا کرنے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس ذوالفقار خان نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیتے ہیں۔ عدالت نے فریقین کو 13 اگست تک جواب طلب کرلیا۔