کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایم پی او تھری کے تحت نظر بندی کیخلاف درخواست پرفریقین کو 6 فروری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے۔
منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایم پی او تھری کے تحت نظر بندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے موقف دیا کہ یکم فروری کو سندھ حکومت نے تھری ایم پی او تحت نوٹیفکیشن جاری کرکے پی ٹی آئی کے 179 کارکنوں کے نظر بندی کے احکامات جاری کیئے ہیں۔تحریک انصاف نے 8 فروری کو شٹر ڈان ہڑتال اور پر امن احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
ایم پی او کے تحت جاری نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیئے جائیں۔ عدالت نے ایم پی او تھری کے تحت نظر بندی کا نوٹفکیشن فوری معطل کرنے کی زبانی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے فریقین کے جواب آجانے دیں پھر دیکھیں گے۔ عدالت نے فریقین کو 6 فروری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ، سیکریٹری داخلہ سندھ، آئی جی سندھ پولیس و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔









