کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے 3 ڈویژنز میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 30 مئی سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہاکہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں امتحانات 30 مئی سے2شفٹوں میں لیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں بارہویں جماعت کے امتحانات شروع ہو چکے ہیں۔
اسماعیل راہو نے کہاکہ 4 لاکھ 89 ہزار طالبعلم گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات میں حصہ لیں گے، تمام ڈویژنز میں 390 ویجیلنسی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور 700 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میٹرک کے امتحانات میں 3 ہزار 565 طلبہ نقل کرتے پکڑے گئے، دوران امتحان 2600 موبائل فونز ضبط کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ 800 سے زائد طلبہ کاپی بدلنے، کسی اور کی جگہ امتحان دیتے پکڑے گئے۔