آصف علی زرداری 38

سندھ کی ثقافت برداشت، امن اور قومی یکجہتی کی علامت ہے ، صدر مملکت آصف علی زرداری کا سندھی ثقافت کے دن پر پیغام

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ ثقافت ڈے ہمیں رواداری، تکثیریت اور پرامن بقائے باہمی جیسی تہذیبی اقدار کے فروغ کے بارے میں یاددہانی کراتا ہے،سندھ کی ثقافت برداشت، امن اور قومی یکجہتی کی علامت ہے جسے نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے سندھی ثقافت کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 1936 میں بمبئی پریزیڈنسی سے علیحدگی کے بعد اس نے ایک منفرد آئینی و تہذیبی شناخت قائم کی،سندھ وہ پہلا صوبہ تھا جس کی اسمبلی نے قیامِ پاکستان کی قرارداد منظور کر کے تاریخ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا،سندھ میں اردو بولنے والوں کی بڑی تعداد آباد ہے جو اسے باہمی ہم آہنگی اور وسعتِ نظر کی روشن مثال بناتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھی زبان ملک کی ترقی یافتہ ترین زبانوں میں شمار ہوتی ہے جہاں درجنوں روزنامے، ٹی وی چینلز اور ریڈیو اس کی مضبوط روایت کے امین ہیں،سندھ ثقافت ڈے ہمیں رواداری، تکثیریت اور پرامن بقائے باہمی جیسی تہذیبی اقدار کے فروغ کے بارے میں یاددہانی کراتا ہے۔سندھ کی ثقافت برداشت، امن اور قومی یکجہتی کی علامت ہے جسے نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں