حلیم عادل شیخ

سندھ میں صحت کارڈ نہیں کیونکہ یہاں مافیا کی حکومت ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کارڈ نہیں کیونکہ یہاں مافیا کی حکومت ہے، تین سال سے گھوٹکی عدالت میں ناکردہ گناہ کے لئے پیش ہوتا رہا، عمر کوٹ کے مقدمات کے لئے بھی عدالت جاتا رہا جبکہ گھوٹکی اور عمرکوٹ سے باعزت بری ہوا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مجھ پر دہشتگردی کے مقدمات بنائے گئے ہیں کیونکہ میرا قصور مافیا کو بے نقاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 29 ہزار میں اسکول ڈیسکیں خریدی تھی، وہی ڈیسک آج 10 ہزار میں سندھ حکومت خرید رہی ہے، ایسا وزیر ایماندار کیسے ہوسکتا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، کپتان نے ایسے حالات میں پیٹرول کی قیمتیں دس روپے کم کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول تو ہماری ذمے داری ہے ہم نے کم کردیا ، بلاول سندھ میں آٹا سستا کریں کیونکہ پنجاب میں آٹا 55 روپے فی کلو ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نوسربازوں کا ٹولہ کراچی سے نکلا ہے، لاک ڈان مارچ نکالا جارہا ہے ان لوگوں نے ہر شہر جاکر ہٹو بچو لگایا ہوا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ صحت کارڈ سندھ کے علاوہ پورے ملک میں ہے ، سندھ میں صحت کارڈ نہیں کیونکہ یہاں مافیا کی حکومت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقوق سندھ مارچ جوش و جذبے سے رواں دواں ہے، کارواں کا استقبال سندھ حکومت کو جواب ہے۔