اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ پر عالمی ثالثی عدالت کا ضمنی فیصلہ پاکستانی موقف کی توثیق ہے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی کے بعد فیصلہ جاری کیا، پاکستان ثالثی عدالت کی ضمنی فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ضمنی فیصلہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ درست اور فعال ہے، فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ پر یکطرفہ کارروائی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، جے شنکر کا پاکستان کی نیوکلیئر بلیک میلنگ کا کہنا ہماری صلاحیت اور ان کے عدم تحفظ کی عکاسی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جولائی کے لیے صدارت سنبھال لی ہے، پاکستان کثیرالجہتی اور تنازعات کے پُرامن حل اور مسئلہ فلسطین کے اجلاسوں کی صدارت کرے گا، تبت کا معاملہ چین کا اندرونی معاملہ ہے۔