حلیم عادل شیخ

سندھ حکومت ہمیشہ عوامی بھلائی کے منصوبوں کی مخالف رہی ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ منچھر جھیل اور آس پاس کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھیل چکی ہے، وزیر اعلی کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا سے ایک ہفتے میں 25 بچے جاں بحق ہوگئے۔

وزیر اعلی سندھ کے آبائی علاقے میں خسرہ کی وبا کے باعث ایک ہفتے میں 25 بچوں کی ہلاکت پر حلیم عادل شیخ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بچے وزیراعلی سندھ کی نااہلی اور نالائقی کے باعث مرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منچھر جھیل اور آس پاس کے علاقوں میں خسرہ کی وبا پھیل چکی ہے، محکمہ صحت کی جانب سے ناقص انتظامات کے باعث بچے مررہے ہیں، محکمہ صحت بتائے انہوں نے کیا اقدامات کیے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کے حلقے کی عوام مراد علی شاہ کے خلاف لانگ مارش کریں، جس سے اپنا گھر نہیں سنبھلتا اسے پورا صوبہ تجربے کرنے کے لیے دیا گیا۔ انکا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ سندھ کی تباہی کا کرپٹ منشی ثابت ہوچکا ہے، انکی سرپرستی میں سندھ کے بچے بیٹیاں اور شہری مارے جارہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ صحت کارڈ کی سہولت موجود ہوتی تو غریب لوگ کسی بڑے اسپتال سے بھی علاج کراسکتے تھے، سندھ حکومت ہمیشہ عوامی بھلائی کے منصوبوں کی مخالف رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام اپنے حقوق اور زیادتیوں کے خلاف بلاول کے لانگ مارچ کے سامنے بھرپور احتجاج کریں، میں وزیراعلی سندھ کے حلقے میں جاکر متاثرین سے ملاقات کروں گا۔