کراچی(رپورٹنگ آن لائن ) سندھ حکومت نے کل بدھ سے سندھ بھر کے مزارات کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وبا کی دوسری لہر کے باعث مزارات کو مکمل ایس او پیز کے تحت کھولا جارہا ہے۔
وزیر اوقاف سندھ سہیل انور سیال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مزارات پر ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت کی جانب سے کرونا کے حوالے سے نئی ایس او پیز جاری کی گئیں تھی جن کے تحت مارکیٹیں، شادی ہالز، شاپنگ مالز رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
سندھ حکومت کی جانب سے ایس اوپیز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق 28 فروری تک لاگو رہے گا، نئے ایس او پیز کے مطابق سرکاری اور نجی اداروں میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری و نجی دفاتر میں نصف عملہ گھروں سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹ، شاپنگ مالز، شادی ہال، دیگر تجارتی مقامات ہفتے میں 6 روز کھلیں گے، مارکیٹیں، تجارتی مراکز صبح 6 سے رات 10 بجے تک کھل سکیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ اسپتال، میڈیکل اسٹور، دودھ کی دکانیں، بیکریاں پمپس مستثنی ہوں گے جبکہ تفریحی پارکس شام چھ بجے تک بند کرنے کا فیصلہ برقرار ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کہا کہ شادیوں میں صرف 300 افراد کو دعوت کی اجازت ہوگی، شادیوں میں انڈور کھانے اور بوفے پر پابندی برقرار رہے گی، ریسٹورنٹ کو آٹ ڈور ڈلیوری اور ٹیک اوے سروس کی اجازت ہوگی۔