فرخ حبیب

سندھ حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، شوگر ملوں سے چینی کیوں نہیں لیتے، فرخ حبیب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، شوگر ملوں سے چینی کیوں نہیں لیتے، کیا یہاں بھی ان کی وفاق مدد کرے، ہر جگہ ان کی نالائقیاں نظر آرہی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے تاریخ کے سب سے بڑا فلاحی پیکج کا اعلان کیا ہے،120ارب روپے کے احساس راشن پروگرام سے 2کروڑ لوگ مستفید ہوں گے، پنجاب، کے پی کے، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان بھی اس میں شامل ہو گیا ہے لیکن سندھ حکومت کی سائیں سرکاریہاں بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

جمعہ کووزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عمران خان کے احساس پروگرام کا حصہ نہیں بننا چاہتی تو نہ بنے لیکن اپنا ہی کوئی پروگرام لے آئے، آپ عوام کا پیسہ اپنی عیائشیوں پر خرچ کرنے کے بجائے عوام پر خرچ کریں، وفاق سندھ عوام کی مدد سے پیچھے نہیں ہٹے گا،عمران خان پورے پاکستان کو ایک نظر سے دیکھتے ہیں،عمران خان پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں، احساس راشن پروگرام میں سندھ کی عوام کو بھی شامل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت چوبیس گھنٹے کہتی ہے کہ سب کچھ وفاق کھا گیا، وفاق نے دو سالوں میں 1900ارب سندھ کو دیا بتایا جائے کہ یہ پیسہ کہاں گیا ہے، کیا یہ سارا پیسہ حکومتی نالائقیوں کی نظر ہو گیا ہے، سندھ حکومت نے کراچی کے امن و امان کی صورتحال کو ابتر کر دیا ہے یہاں ڈاکو راج قائم ہے، ناظم جوکھیو کو قتل کیا گیا، قمبرشہزاد کوٹ میں خواتین کو قتل کیا گیا،پیپلز پارٹی سے کوئی پوچھنے والا نہیں عوام انصاف چاہتی ہے۔