لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سمبڑیال کا ضمنی الیکشن مسلم لیگ (ن) بڑے مارجن سے جیتے گی۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد شیخوپورہ سمیت تمام ضمنی الیکشن بھی مسلم لیگ (ن) ہی بڑی لیڈ سے جیتی تھی، پنجاب کے عوام مریم نواز پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، جو جماعت پنجاب میں 400 ووٹ لیتی وہ بھی دھاندلی کی شکایات کرتی ہے، اللہ کی شان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی شدید مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہوچکے ہیں، اسی مایوسی اور ڈپریشن کی وجہ سے الٹے سیدھے بیانات جاری کروا کر چیلوں کا لہو گرماتے ہیں، پوری قوم جان چکی بشریٰ بی بی سزا یافتہ کرپٹ خاتون اول ڈیکلیئر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے خاتون اول کے عہدے کو ”کرپشن کی ٹھیکیدار خاتون“ کے طور پر استعمال کیا، سپہ سالار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے بانی پی ٹی آئی نفرت اور جھوٹ کا پرچار کرتے قرآنی آیات کا بھی غلط حوالہ دے رہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج نے پانچ گنا بڑے دشمن پر تاریخی فتح حاصل کی ہے، مذہبی ٹچ دینا بانی پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، ڈیل اور این آر او جیسے الفاظ کو بطور ہتھیار استعمال کرنے والا شخص آج خود ڈیل کا متلاشی ہے۔