سمال انڈسٹریز

سمال انڈسٹریز کارپوریشن کاکارپٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بحالی کا منصوبہ زیر غور

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین اعجازالرحمان نے کہا ہے کہ محکمہ صنعت وتجارت کے ذیلی ادارے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ساتھ مل کر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی بحالی کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں،اس منصوبے پر عملی پیشرفت سے نہ صرف ہاتھ سے بنے قالین بنانے کی صنعت جس میں کاٹیج انڈسٹری کے بہت سے شعبے شامل ہیں انہیں ترقی ملے گی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اپنے دفتر میںملاقات کے لئے آنے والے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات بڑھانے کے لئے بر آمد کنندگان کو سہولتیں دینا ہوں گی اسی کے ذریعے اس صنعت کو ترقی دی جا سکتی ہے ۔

ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے ذریعے دیہی علاقوں میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر روزگار مہیا کیا جا سکتا ہے جس سے اربنائزیشن کو روکنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ زبوں حالی کا شکار اس صنعت کی بحالی کے لئے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ساتھ مل کرکام کرنے اورہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں ،بحالی کے منصوبے کیلئے ہماری ایسوسی ایشن اور کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے جس طرح کی رہنمائی اور معاونت درکار ہو گی وہ بلا تاخیر فراہم کی جائے گی۔