سمارٹ رجسٹریشن کارڈ

سمارٹ رجسٹریشن کارڈ اصلی یا نقلی ۔کارڈ ریڈر مشینوں کی عدم دستیابی پر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ بے بس

شہباز اکمل جندران۔۔۔

صوبے بھر میں ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر اور فیلڈ فارمیشنز کو سمارٹ رجسٹریشن کارڈز کو پڑھنے کے لئے کارڈ ریڈر مشینیں فراہم نہیں کی جاسکیں۔
سمارٹ رجسٹریشن کارڈ
جس سے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس کے طورپر استعمال ہونے والے کارڈرز اصلی یا نقلی ہونے کے متعلق شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔


ذرائع کے مطابق ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے مئی 2018 میں ان باکس نامی کمپنی کے ساتھ 5سالہ منصوبہ کا معاہدہ کیا جس کے تحت کمپنی نے دسمبر 2018 سے صوبے میں رجسٹریشن بکس کی جگہ نیا اور 11سکیورٹی فیچرڈ کا حامل کارڈ متعارف کروایا۔اور محکمے کی طرف سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو پراجیکٹ ہیڈ مقرر کیا گیا۔
سمارٹ رجسٹریشن کارڈ
جبکہ معاہدے کے تحت کمپنی نےQRکوڈ کو پڑھنے اور رجسٹریشن کارڈکے اصلی یا نقلی ہونے سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کے لئے صوبے بھر میں محکمے کے مختلف دفاتر میں قائم کاونٹرز کے لئے مجموعی طورپر 450 کارڈ ریڈر مشینیں مہیا کرنا تھیں۔لیکن معاہدے کے 2 سال اور 3 ماہ گزرنے کے بعد بھی مشینیں فراہم نہیں کی جاسکیں۔

جس کے باعث صوبے میں ڈپلیکیٹ،جعلی، چوری شدہ اور متنازعہ رجسٹریشن کارڈ کو جانچنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے اور ایسا کوئی ایشو سامنے آنے پر محکمے کی طرف سے کمپنی سے رجوع کیا جاتا ہے۔

یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ دو سال اور تین ماہ بعد بھی کارڈ ریڈر مشینیں مہیا نہ کرنے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز،ٹیکسیشن کی طرف سے کمپنی سے کسی قسم کی باز پرس نہی کی گئی۔

اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب راو شکیل الرحمن کا کہنا تھا کہ کمپنی کی طرف سے تمام مشینیں مل گئی ہیں۔جن میں سے 60 مشینیں فیلڈ فارمیشنز کو تقسیم کر دی گئی ہیں البتہ دیگر 390 مشینیں بھی رواں ہفتے کے دوران تقسیم کر دی جائینگی۔