میزائل کا تجربہ

سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل شمالی کوریا کا اینٹی ایئر کرافٹ میزائل کا تجربہ

پیانگ یانگ(ر پورٹنگ آن لائن) شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ملک نے ایک نیا اینٹی ایئرکرافٹ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے،سرکاری کورین نیوز ایجنسی نے بتایا کہ اینٹی ایئر کرافٹ میزائل نے قابل ذکر جنگی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس میں کئی نئی ٹیکنالوجیز شامل کی گئی ہیں۔سرکاری روڈونگ سنمون اخبار میں ایک تصویر میں میزائل کو ایک لانچ گاڑی سے آسمان کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے بتایا کہ وہ تازہ ترین لانچ کی فوری تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔

اینٹی ائیر کرافٹ میزائل بیلسٹک میزائلوں کے مقابلے میں بہت چھوٹے ہیں جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ممنوع ہیں اور دور سے ان کا پتہ لگانا مشکل ہے۔تازہ ترین تجربوں پر بین الاقوامی سطح پر مذمت کی جارہی ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ انہوں نے عدم استحکام اور عدم تحفظ کے زیادہ امکانات پیدا کیے ہیں۔