کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے دعوی کیا ہے کہ مجھے سعید غنی نے دھمکیاں دیں ہیں،
یہاں حکومت نام کی کوئی چیز ہے ہی نہیں اس لیے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے لیے آئین کی دفعہ 140 اے کے تحت عدالت جاﺅں گا تاکہ
بلدیاتی اداروں کے اختیارات کا مسئلہ حل ہو، سندھ میں متوازی حکومت بنانے نہیں بس کراچی کی مدد کے لیے آئے ہیں۔
کراچی آمد پر ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کاکہنا تھا کہ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی تعلیم دیکھیں کہ اگر ان سے سوال کیا جائے ،
تو وہ جواب میں مغلظات بکتے ہیں۔علی زیدی نے دعوی کیا کہ سعید غنی نے مجھے دھمکیاں دیں ہیں، اس لیے کراچی آیا ہوں اور چنیسر گوٹھ کا دورہ کروں گا،
ان کا کہنا تھاکہ انشا اللہ لوگوں کو جے آئی ٹی بھولنے نہیں دوں گا، عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ اس کے خاندان کو آصف علی زرداری سے خطرہ ہے۔
علی زیدی نے کہا کہ عزیر بلوچ، نثار مورائی جن لوگوں کے لیے کام کرتے تھے وہ آج اسمبلیوں میں تقاریر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ
سال 160ملی میٹربارش ہوئی تھی، سرمایہ داروں نے کراچی کی صفائی کے لیے ہمیں کروڑوں روپے کا چندہ دیا تھا جس پر ہم نے نالے صاف کرائے
اسی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی ہوگئی تھی۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ میں تھانے اور کچرا کنڈیاں سب فروخت ہوتی ہیں،
تحریک انصاف کا جو منشور ہے کہ احتساب ہوگا اور سب کا ہوگا، ہم اسی منشور پر عمل پیرا ہیں .علی زیدی نے صوبائی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے
ہوئے کہا کہ سندھ میں کوئی حکومت نظر ہی نہیں آ رہی، ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلاول کے بیرون ملک ڈیڑھ ارب کا حساب لیں گے کہ ،
کہاں سے آیا ہے؟وفاقی وزیر نے کراچی میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کوبھیجنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔