پی ایس ایل 67

سعود شکیل، شاہین آفریدی کا پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 ٹرافی کے ساتھ فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں سعود شکیل اور شاہین آفریدی کا فوٹو سیشن ہوگیا۔

لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، پی سی بی نے فائنل میچ کیلیے 26 مئی کو ریزرو ڈے رکھا ہے، ٹرافی فوٹو سیشن کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور سعود شکیل نے میڈیا سے گفتگو کی۔29 سالہ سعود شکیل نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی میرے لیے باعث فخر ہے، کوشش کریں گے پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے نام کریں۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم ہمارے لیے لکی رہا ہے، یہاں 6 میں سے 5 میچ جیتے، مشکل حالات میں متعدد کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف فائنل سنسنی خیز ہوگا، شائقین کو زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پچھلے 4 ایڈیشنز میں تیسری بار فائنل کھیل رہے ہیں، ہمارا مقصد تیسری مرتبہ ٹرافی جیتنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے پریشر میں شاندار کارکردگی دکھائی، کھلاڑیوں نے ہر مرحلے پر اچھا رسپانس دیا ہے۔لاہور قلندرز کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ بیٹنگ، بولنگ جارحانہ ہیں، جو کسی بھی چیمپئن ٹیم کی علامت ہے، قذافی اسٹیڈیم میں فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں