واشنگٹن ( رپورٹنگ آن لائن)امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جو ایک سرکاری دورے پر واشنگٹن آئے ہوئے ہیں، کے ساتھ اپنی ملاقات کو “نتیجہ خیز” قرار دیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق والٹز نے کہا کہ انہوں نے شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ علاقائی سلامتی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات چیت کے لیے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واشنگٹن میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز سے ملاقات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور اور موضوعات پر بات چیت کی گئی۔