سرگئی لاوروف 11

سعودی عرب ہمارا اہم سٹریٹجک شراکت دار، مجھے ریاض پسند ہے،روسی وزیر خارجہ

ماسکو (رپورٹنگ آن لائن)روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی نوعیت پر بات کرتے ہوئے اسے خطے میں ایک اہم تزویراتی شراکت دار قرار دیا ہے۔

عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ریاض اور ماسکو کے درمیان اعلی ترین سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاض اور ماسکو کے درمیان تعلقات کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر لاوروف نے دارالحکومت ریاض کے لیے اپنی شدید پسندیدگی کا اظہار کیا۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے ریاض بہت پسند ہے اور سعودی ولی عہد کی نگرانی میں یہ اب پہلے سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ہو چکا ہے۔روسی سیاست دان نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی تاریخ کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سلسلہ 1926 سے شروع ہوا تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر پیوٹن کے درمیان باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی کھلے تعلقات استوار ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست سعودی عرب کو مشرقِ وسطی میں ایک تزویراتی شراکت دار کے طور پر دیکھتی ہے اور ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہمارے سعودی رفقا کی جانب سے بھی یہی سوچ پائی جاتی ہے۔اسی تسلسل میں انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ولی عہد اور روسی صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے معاشی، انسانی اور سیاسی سمیت متعدد شعبوں میں اصولی شراکت داری کے رجحانات پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں خاص طور پر قریبی مدت کے لیے رابطوں کی بنیاد پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں