اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے امور زیر بحث آئے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے اپنے پرخلوص جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 24 جون کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والی اپنی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور تحسین کی، انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں سعودی عرب کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، جسے انہوں نے خطے میں استحکام کیلئے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے جولائی کے مہینے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے اور انہوں نے اس دوران سعودی عرب کی حمایت سے اپنی قیادت کو مضبوطی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مستقل کوششوں اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔