سعودی عرب ِ تمام اقسام کے ویزا رکھنے والے افراد کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت

ریاض( رپورٹنگ آن لائن)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں موجود تمام اقسام کے ویزا رکھنے والے افراد کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

وزارت نے اس فیصلے کو اللہ کے مہمانوں کے لیے سہولیات میں اضافہ اور حج و عمرہ کے نظام میں خدمات سے مستفید ہونے والے افراد کے دائرے کو وسعت دینے کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا۔ یہ سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔وزارت نے وضاحت کی کہ ان مختلف اقسام کے ویزوں میں شخصی ویزا، خاندانی وزٹ ویزا، الیکٹرانک سیاحتی ویزا، ٹرانزٹ (عبوری)ویزا، ورک ویزاہ اور دیگر اقسام کے ویزے شامل ہیں۔

وزارت نے کہا کہ یہ اقدام مملکت کی اس پالیسی کا تسلسل ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے مسلمانوں کی آمد اور عبادات کی ادائیگی کو آسان بنانا ہے۔مزید برآں وزارت نے حال ہی میں “نسک عمرہ” کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔ اس کے ذریعے عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند افراد براہِ راست پلیٹ فارم پر جا کر مناسب پیکیج کا انتخاب، عمرہ پرمٹ کا الیکٹرانک اجرا، خدمات کی بکنگ اور تاریخوں کا انتخاب بآسانی کر سکتے ہیں۔ یہ ایک مکمل ڈیجیٹل تجربہ ہے جو زائرین کو زیادہ سہولت اور لچک فراہم کرتا ہے۔