ہنوئی(رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب نے سائبر کرائم کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کردیئے ۔سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق انسداد سائبر کرائم کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے قومی سائبرسکیورٹی اتھارٹی کے گورنر ماجد بن محمد المزید نے مملکت کی نمائندگی کرتے ہوئے کنونشن پر دستخط کئے ۔
سعودی عرب، اقوام متحدہ کے سائبر کرائم کی روک تھام کے پہلے بین الاقوامی کنونشن کی توثیق کرنے والے 64 ملکوں میں شامل ہوگیا۔سائبرسکیورٹی میں اضافے اور سائبرکرائم سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر اس شعبے میں تعاون کو بڑھانے کیلیے مملکت کی جانب سے ہرممکن تعاون کیا جاتا ہے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب ہنوئی میں ویتنام کے صدر لوونگ کانگ کی سربراہی میں منعقد کی گئی جس مملکت کے وفد کی قیادت نیشنل سائبرسکیورٹی کمیشن کے گورنر کررہے تھے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے علاوہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ویانا میں اقوام متحدہ کے ریجنل ڈائریکٹر اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے وزرا و سفرا کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔