نمایاں اضافہ

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں جولائی کے دوران 74.45 فیصد نمایاں اضافہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں 74.45 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2020ء میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 821.55 ملین ڈالرکا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 74.45 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ سال جولائی میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 470.95 ملین ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔جون کے مہینہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 643.19 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا گیاتھا۔

واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے مہینہ میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں مجموعی طورپر36.50 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔