ریاض(رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب میں ماحولیات، پانی اور زراعت کی وزارت نے ریاض کے علاقے میں بیماریوں کی تشخیص اور ویکسین تیار کرنے اور مقامی ویکسین بنانے کے لیے علاقائی ویٹرنری لیبارٹری کے قیام اور ڈیزائن کے منصوبے کے لیے ایک خصوصی قومی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں۔
اس لیبارٹری کے قیام کی لاگت 175 ملین ریال سے زیادہ ہوگی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبارٹری ایسی عملی تحقیق اور مطالعہ کرے گی جو سعودی عرب میں جانوروں کی صحت کے شعبے میں کام آئے گا۔ یہ لیبارٹری اعلی اہم سطح پر مشرق وسطی کے خطے کے لیے ایک علاقائی حوالہ جاتی لیبارٹری بن جائے گی۔
جانوروں کی بیماریوں کے پھیلا کی نگرانی کی جائے گی۔ پیتھوجینز کا پتہ لگانے کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ اس لیبارٹری سے ویکسین تیاری، مقامی ویکسین کی پیداوار اور لوکلائزیشن میں اضافہ بھی ہوگا۔








