ریاض (ر پورٹنگ آن لائن)سعودی عرب اورکویت کی رابطہ کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ہے اور اس میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور کویتی وزیرخارجہ شیخ احمدناصرالصباح نے شرکت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ فیصل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سعودی عرب اور کویت کی قیادت کی رہ نمائی میںمیں نے اپنے بھائی (شیخ احمد)کے ساتھ سعودی کویت رابطہ کونسل کے پہلے اجلاس میں شرکت کی ۔اس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان قریبی ،تاریخی اور گہرے تعلقات کو مضبوط بنانا ہے تاکہ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کوایک دوسرے کے مزید قریب لایا جاسکے۔
انھوں نے کہا کہ کونسل ترقیاتی عمل اور دونوں ملکوں کے درمیان بہت سے شعبوں میں مشترکہ روابط کو مضبوط بنانے کا سبب بنے گی۔انہوں نے کہاکہ رابطہ کونسل سے سعودی عرب اورکویت اوران کے عوام کے لیے وسیع ترخوش حالی میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد نے سعودی عرب کا پہلا دورہ کیا تھا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے الریاض میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے بات چیت کی تھی۔








