علامہ طاہر اشرفی

سعودی حکومت کی جانب سے عمرے کی اجازت ملی تو زائرین کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، علامہ طاہر اشرفی

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطی علامہ طاہر اشرفی نے اعلان کیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے عمرے کی اجازت ملی تو زائرین کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا سعودی حکومت نے مقامیوں کے لیے عمرے کا اعلان کیا تاہم باہر والوں کے لیے کوئی پالیسی وضع نہیں کی، سعودی عرب میں جو ویکسین لگوائے گا وہ ہی عمرے پر جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کی اجازت ملی تو زائرین کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، عمرے سے متعلق تیاری مکمل ہے سعودی حکام کی ہدایت کا انتظار ہے۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ اگر سعودی حکومت نے اجازت دی تو زائرین کے لیے خصوصی طور پر ویکیسن کے انتظامات کریں گے، کورونا ویکسین بالکل محفوظ ہے، روزے کے دوران کورونا ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔