ریاض(رپورٹنگ آن لائن)سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سعودی اتحاد کے بغیر دنیا کا تصور کرنا غلط ہے۔ امریکہ اور سعودیہ کا اتحاد سب سے پرانا اور مضبوط ترین اتحاد ہے۔پومپیو نے مزید کہا کہ سعودی امریکی اتحاد امریکی عوام کے مفاد کے لیے بہت اہم ہے۔
اس لیے امریکہ کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے اور اہم تعلقات ایسے ہی برقرار رہنے چاہئیں جیسا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے وہ امریکی پالیسی کی ناکامی ہے۔ یہ کہتے ہوئے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی پروگریسو بائیں بازو کی پارٹی امریکہ کے توانائی کے مسائل کے براہ راست ذمہ دار ہیں اس لئے کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ سورج کی روشنی اور ہوا کی چکیوں سے دنیا کو چلا سکتے ہیں۔سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی وزیر مملکت امور خارجہ عادل الجبیر سے اتفاق کیا کہ امریکہ اپنی ریفائنریز کو نظر انداز کر رہا ہے اور امریکی توانائی میں سرمایہ کاری نہیں کر رہا ہے۔پومپیو نے اپنے خطاب کا اختتام پر کہا کہ اوپیک میں شامل دیگر ملکوں یا سعودیوں کی طرف انگلی اٹھانا بہت بڑی غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس پیداوار کے ساتھ دنیا کو برآمد کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔