میاں زاہد حسین 148

سستی بجلی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے،میاں زاہد حسین

کراچی ( ر پورٹنگ آن لائن) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سستی بجلی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے کیونکہ اس سے صنعتی و زرعی پیداوار اور خدمات سستی ہو جاتی ہیں۔ ملک میں چھوٹے بجلی گھر بنانے اورسولر و ونڈ انرجی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ توانائی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ اس ترقی یافتہ دور میں بڑے گرڈ سٹیشن ماضی کی یادگار بنے ہوئے ہیں اس لئے پاکستان میں یہ سلسلہ بتدریج ختم کیا جائے تاکہ سالانہ کھربوں روپے کے نقصانات میں کمی لائی جا سکے۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بیس فیصد بجلی چوری اور کمزور انفراسٹرکچر کی وجہ سے ضائع ہو رہی ہے اور ٹرانسمیشن نظام کی کمزوری اوراہلکاروں میں کارکردگی کے کمی کی وجہ سے سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میںپانچ کروڑ افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ کم از کم نو کروڑ افرادکو لوڈ شیڈنگ بھگتنا پڑتی ہے جس سے وہ بری طرح متاثر ہوتے ہیںاور معاشی ونفسیاتی مسائل جنم لیتے ہیں ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے لئے بڑی مقدار میں پٹرولیم درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا ہے جس پر اربوں ڈالر لاگت آتی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی بدولت بجلی بنانے سے آلودگی بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ساری دنیا میں بجلی بنانے کے لئے کوئلے، تیل اورگیس پر انحصار کم کیا جا رہا ہے مگر پاکستان میں اس وقت بھی چونسٹھ فیصد بجلی درآمد شدہ ایندھن سے بنائی جا رہی ہے اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ تیل کی کھپت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ بجلی کے ڈسٹر یبیو شن نظام میں خرابیاں دور کرنے اور پیٹرولیم کے بجائے قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لئے نیم دلانہ کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ ضرورت بھرپور کوششوں کی ہے ۔ میاں زاہد حسین نے مطالبہ کیا کہ توانائی کی پالیسی کو زمینی حقائق سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ عوام کو سستی بجلی ملے، صنعتی و زرعی پیداوار کی لاگت کم ہو اور برآمدات میں اضافہ ہو سکے جس کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں