ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی وڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنے بالوں سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انوپم کھیر نے جب 1981میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو ان کے سر پر بال نہیں تھے، دوسرے لفظوں وہ گنجے تھے اور بہت سے لوگوں نے ان کے اداکار بننے کے خواب پر سوال اٹھائے۔تاہم بعد میں انہوں نے دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ہم آپ کے ہیں کون اور دی کشمیر فائلز جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا جو سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ سر پر بال لگانے والی کمپنیوں نے انہیں بالوں کی پیوندکاری (ہیئر ٹرانسپلانٹ)کے لیے رقم کی پیشکش کی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہر ہیئر ویونگ کمپنی یا ڈاکٹر کا خواب ہوں اور بہت سے لوگ مجھے پیسے دینے کے لیے تیار ہیں کہ میں ایک بار ان سے بال لگوا لوں، لیکن میں نے انہیں یہ موقع نہیں دیا۔ چاہے مجھے کتنے ہی پیسوں کی ضرورت کیوں نہ پڑ جائے، میں یہ پیسے نہیں لوں گا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ پھر میں وہ انسان نہیں رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ جب میرا بیٹا سکندر بہت چھوٹا تھا تو میں اخبار پڑھ رہا تھا، مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس میں ہیئر آئل کا اشتہار ہے۔ سکندر کو لگا میں اشتہار دیکھ رہا ہوں، تو اس نے کہا کہ ڈیڈ، اس بارے میں سوچنا بھی مت، میں خوش قسمت ہوں میرے خاندان میں حس مزاح ہے، جو بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔اداکار نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا دوست سمجھتے اور انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ انہیں سر یا انکل نہ کہیں بلکہ اے کے یا انوپم جی کہیں۔








