سردار ایاز صادق

سر دار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رومانیہ کے سفیر ڈین اسٹونیسکو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور رومانیہ کے مابین تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان رومانیہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ پارلیمانی روابط کے فروغ سے دوطرفہ ہم آہنگی اور باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی میں 2013 میں پاکـرومانیہ فرینڈشپ گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا، فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

رومانیہ کے سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے رومانیہ سے متعلق تاثرات کو سراہا۔انہوںنے کہاکہ رومانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، رومانیہ پاکستان کے ساتھ پارلیمانی، تعلیمی اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔رومانیہ کے سفیر نے آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔رومانیہ کے سفیر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط بڑھانے پر زور دیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری علاقائی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے