کولمبو(رپورٹنگ آن لائن)سری لنکا کرکٹ بورڈ نے رواں سال ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2025 کی لیگ اب کسی نئی اور مناسب ونڈو میں کرائی جائے گی۔ فیصلہ آئندہ سال ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں پر مکمل توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، ابتدائی طور پرایل پی ایل کا انعقاد یکم دسمبر سے 23 دسمبرتک طے تھا تاہم اب یہ تاریخیں مؤخر کردی گئی ہیں۔ سری لنکا کرکٹ کے مطابق آئی سی سی گائیڈ لائنز کے تحت ورلڈکپ سے قبل تمام وینیوزکوبہترین حالت میں رکھنا ضروری ہے۔
لیگ ملتوی کرنے سے گراؤنڈز اورانفراسٹرکچرکی اپ گریڈیشن میں سہولت ملے گی، تاکہ میگا ایونٹ کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق شائقین کیلئے اسٹیڈیمز کے اسٹینڈز کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اورکھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومزوٹریننگ ایریاز کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے۔ ملک کے تین اہم وینیوز پرتعمیرومرمت کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ کولمبو اسٹیڈیم میں خواتین ورلڈکپ میچز کے باعث ترقیاتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔