چائنا 22

سری لنکا چین دوستانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے حقیقی فوائد لائے ہیں ، وزیراعظم سری لنکا

کولمبو (رپورٹنگ آن لائن)سری لنکا کی وزیر اعظم ہارینی امراسوریا نے چائنا میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سری لنکا.چین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ہفتہ کے روزہارینی امراسوریا نے کہا کہ چین نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ کسی معجزے سے کم نہیں۔ آج چین صرف مصنوعات تیار کرنے والا ملک نہیں رہا بلکہ جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ چین سے وہ تین اہم نکات اپنے ساتھ لے جا رہی ہیں:پہلا، قیادت کی ذمہ داری اور خدمت کا جذبہ، دوسرا ، اُن کا خود نظم و ضبط، اور تیسرا ، ہر کام کا محور عوامی فلاح ہونا۔ ان کے خیال میں یہ وہی اصول ہیں جو چین کی تاریخ میں بھی نمایاں رہے ہیں اور عملی طور پر کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔

عالمی چیلنجز کے تناظر میں انہوں نے عالمی نظم و نسق میں چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کثیرالجہتی نظام کے لیے چین کا عزم، اقوام متحدہ کے نظام کی حمایت اور منصفانہ و آزاد تجارت کے فروغ کی کوششیں نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کا تصور اپنانا چاہیے اور ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ سری لنکا اُن اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے “بیلٹ اینڈ روڈ” انیشی ایٹو میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے مطابق “بیلٹ اینڈ روڈ” انیشی ایٹو مشترکہ مستقبل، مشترکہ ترقی اور جدیدیت کی علامت ہے، اور سری لنکا اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ چین کی جانب سے سری لنکا میں بندرگاہی شہر اور بندرگاہوں میں کی گئی سرمایہ کاری اس تعاون کی واضح مثال ہے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے سری لنکا اور چین کی روایتی دوستی کو بھی سراہا اور کہا کہ باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی یہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے حقیقی فوائد لائے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک سبز توانائی، تعلیم کی جدید کاری اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے جس سے سری لنکا کی ترقی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں