سرگودھا یونیورسٹی

سرگودھا یونیورسٹی میں قائم ای روزگار سنٹر کے پندرہویں بیج کیلئے داخلوں کی آخری تاریخ 21 نومبر

سرگودھا(رپورٹنگ آن لائن)سرگودھا یونیورسٹی میں قائم ای روزگار سنٹر کے پندرہویں بیج کیلئے داخلوں کی آخری تاریخ 21 نومبر ہے۔زرائع کے مطابق سرگودھا یونیورسٹی کے ای روزگار پروگرام میں 16 سالہ تعلیم مکمل کرنے والے بیروزگار نوجوان جن کی عمر 35 سال سے کم ہے وہ فری لانسنگ کے مفت تربیتی کورسز کیلئے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

ترجمان یونیورسٹی آف سرگودھا نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قائم ای روزگار سنٹر سے اب تک54 فیصد خواتین سمیت 2 ہزار سے زائد طلبہ تربیت حاصل کر کے باعزت روزگار کما رہے ہیں۔ جبکہ ای روزگار میں تربیت حاصل کرنے والے طلبہ نے دوران تربیت تقریباً 72 ہزار ڈالر کمائے جبکہ تربیت حاصل کرنے کے بعد تقریباً 11 کروڑ روپے کما چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ای روزگار سنٹر میں ٹیکنیکل کورسز، کری ایٹو ڈیزائن اور کنٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈور ٹائزنگ میں داخلے جاری ہیں۔ مینجر ای روزگار سنٹر نے بتایا کہ آن لائن ٹریننگ کیلئے داخلے بند ہو چکے ہیں اب صرف آن کیمپس ٹریننگ پروگرامز میں داخلہ لیا جا سکتا ہے۔

طلبہ کو ای روزگار کی ویب سائٹ پہ آن لائن اپلائی کرنا ہے۔ اپلائی کرنے کے72 گھنٹوں میں 30 نمبر کا معروضی ٹیسٹ دینا ہو گا ٹیسٹ کے بغیر درخواست ناقابل قبول تصور کی جائے گی۔ اس لیے طلبہ ٹیسٹ کے وقت انٹرنیٹ سروس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں ٹیسٹ میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔