اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملازمین حکومتی انتظامی ڈھانچے کا بنیادی جزو ہیں ان پر پارلیمنٹ سے منظور کیے جانے والے قوانین اور عوامی فلاح کے لیے حکومت کی جانب سے واضع کی جانے والی پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوہ سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت پروینشل منیجمنٹ سروس کے افسران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہنوں نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ اسپیکر نے زیر تربیت افسران پر دیانت داری، لگن اور خلوص نیت سے فرائض کی سر انجام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو ملازمین پوری دیانتداری اور لگن سے اپنے فرائض کو سر انجام دیتے ہیں انہیں سکون قلب حاصل ہوتا ہے اور عزت ملتی ہے۔انہوں نے افسران کو سیرت النبی کا مطالعہ کرنے اور فرائض کی سر انجام دہی میں سیرت النبی سے رہنمائی حاصل کرنے کا کہا۔
اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنے عہدوں سے بالاتر ہو کر مثبت سوچ کے ساتھ اپنی توانائیاں عوام کو ریلیف پہنچانے، ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ملک کو اقوام عالم میں ایک باوقار مقام دلانے کے لیے صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ملکی اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے زیر تربیت افسران کو سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو قواعد و ضوابط اور میرٹ کی بنیادوں پر فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اہلکار محنت جدوجہد اور کفایت شعاری کو اپنا شعار بنائیں اور عوام سے ٹیکسوں کی مد میں وصول کیے جانے والی رقوم کو کفایت شعاری کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کرنے کو یقینی بنائیں۔قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق نے زیر تربیت افسران کو قومی اسمبلی اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل، قانون سازی کے طریق کار اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
چیف انسٹرکٹر سروسز اکیڈمی خیبر پختونخوہ مشتاق جدون نے زیر تربیت افسران کو پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کرنے کا موقع فراہم کرنے اور وفد کے شرکا کو قانون سازی کے طریق کار اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دینے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔