اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے کہاہے کہ سرمایہ کاری میں اضافہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے تحت اولین ترجیح ہے،پائیدار سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کار پاکستان میں محفوظ اور معاون محسوس کریں۔
وزیر اعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے سرمایہ کاری کی واپسی اور سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق وزیر اعظم کی دو اہم کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی تاکہ پاکستان کے سرمایہ کاری دوست ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔ان اجلاسوں میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جن میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ، بورڈ آف انویسٹمنٹ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ریمیٹ اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔
اجلاس کے دوران مینوفیکچرنگ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی واپسی کو آسان بنانے کے لیے پالیسی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین نے سرمایہ کاری کی محفوظ واپسی کے حوالے سے جامع مشاورت کی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور ان کے اعتماد میں اضافے کے لیے متعدد قانونی اور پالیسی ترامیم پیش کیں۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے تحت اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کاروبار دوست ماحول بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ہارون اختر خان نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کار پاکستان میں محفوظ اور معاون محسوس کریں۔