لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،
شدید سرد موسم میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے،گھریلو صارفین کو کئی کئی گھنٹے گیس نہ ملنے سے معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو چکے ہیں،کھانا پکانا، پانی گرم کرنا اور گھروں کو گرم رکھنا ناممکن بنتا جا رہا ہے جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے، تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور کاروباری طبقہ بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور بدانتظامی کے باعث توانائی بحران ہر سال سنگین صورت اختیار کر لیتا ہے، مگر عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سردیوں کی آمد پہلے سے متوقع ہوتی ہے تو گیس ذخائر، سپلائی لائنز اور بجلی کی پیداوار کے انتظامات بروقت کیوں نہیں کیے جاتے؟۔انہوں نے کہا کہ مہنگی توانائی، بلوں میں بے تحاشا اضافہ اور اس کے باوجود لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ صریح ناانصافی ہے۔ غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدن کے مسائل سے دوچار ہے۔
گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ چھوٹے کارخانے اور دکانیں بھی بند ہونے کے قریب ہیں، جس سے روزگار کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے، گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے اور بجلی کے نظام کو مستحکم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں شفافیت، مقامی وسائل کے بہتر استعمال اور قابلِ تجدید ذرائع پر توجہ دے کر ہی دیرپا حل ممکن ہے۔









