'لاہور چیمبر

سردیوں میں انڈسٹری کو گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے’لاہور چیمبر

لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سردیوں کے موسم میں انڈسٹری کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ زیادہ تر صنعتی یونٹس کا انحصار گیس پر ہے، سردیوں کے موسم میں گیس کی عدم دستیابی یا پھر پریشر کم ہوجانے سے صنعتی پیداوار کم ہوگی اور برآمدی آرڈر ز پورے کرنے میں تاخیر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتوں کو طویل عرصے سے گیس کی قلت کا سامنا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کا کم پریشر بھی گیس کی عدم فراہمی کے مترادف ہے کیونکہ یہ بھاری صنعتی مشینری چلانے میں ناکام رہتا ہے۔ اس سے صنعت کو بری طرح نقصان پہنچتا ہے اس لیے حکام کو چاہیے کہ وہ صنعتی پہیے کو رواں دواں رکھنے کے لیے تمام اقدامات کریں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ برآمدات بڑھانا معاشی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے، اس کے لیے صنعتوں کو مسلسل آپریشنل رکھنے کے لیے گیس کی مسلسل فراہمی ضروری ہے۔