اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران 15 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے لانس نائیک عثمان محمد اور سپاہی عمران خان کو خراج عقیدت پیش کیااسپیکر قومی اسمبلی نے شہید لانس نائیک عثمان محمد اور شہید سپاہی عمران خان کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ شہید لانس نائیک عثمان محمد اور شہید سپاہی عمران خان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قوم سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
سر دار ایاز صادق نے کہاکہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے، خوارجی دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہنچانے کیلئے سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم قابل ستائش ہے۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔