اسپیکر

سردار ایاز صادق کا یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی بھارتی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی،حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کرے۔

یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ فورسز کا سامنا کرتے ہوئے 22 کشمیریوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شہداء کی قربانیوں کو آج بھی یاد کرتی ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ناجائز قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔انہوںنے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوششیں ہمیشہ ناکام ہوئیں۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنے کی بھارتی سازش کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔

انہوںنے کہاکہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کرے۔اسپیکر نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی کھلی خلاف وزیوں پر ایکشن لے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق تنازع کو حل کروانے میں کردار ادا کرے، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی مکمل اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔