اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پشین میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
نیشنل اسمبلی سیکرٹریٹ سے پیر کو جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے دہشتگردوں کے خلاف مربوط کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت حکمت عملی اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جرات، مہارت اور بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔
سپیکر نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









