سردار ایاز صادق 36

سردار ایاز صادق کا پارلیمنٹ لاجز کا دورہ، زیر تعمیر 104 اضافی فیملی سوئٹس منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کوپارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا اور زیر تعمیر 104 اضافی فیملی سوئٹس کے منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا، وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جاری منصوبے پر سپیکر کو بریفنگ میں بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں 104 اضافی فیملی سوئٹس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے ، یہ منصوبہ 2011 ء میں شروع ہوا تھا جسے سپیکر کی خصوصی کوششوں سے دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ اس منصوبے کی جلد تکمیل میری اولین ترجیح ہے، اراکین پارلیمنٹ کو درپیش رہائش کے مسائل حل کرنے کیلئے اس منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔

سردار ایاز صادق نے جاری منصوبے پر سی ڈی اے کو تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی اورمنصوبہ بروقت مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کو رہائش کے مسائل کا سامنا ہے، 104 فیملی سوئٹس کے منصوبے کی جلد تکمیل ناگزیر ہے، منصوبے میں مزید تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔سپیکر نے سی ڈی اے کو مسلسل نگرانی میں منصوبے پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی اور فیملی سوئٹس کی تعمیر میں سپیکر کی خصوصی دلچسپی کو سراہا۔اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی سعید احمد میتلا، ایڈوائزر برائے قانون قومی اسمبلی محمد مشتاق، وزارت داخلہ اور سی ڈی اے کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں